ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سدرامیانے شہری ترقیات اور بلدی انتظامیہ کی پیش رفت کا جائزہ لیا؛سرکاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

سدرامیانے شہری ترقیات اور بلدی انتظامیہ کی پیش رفت کا جائزہ لیا؛سرکاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

Thu, 18 Aug 2016 11:55:51    S.O. News Service

بنگلورو17؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آج مختلف سرکاری محکموں کی پیش رفت کے جائزہ کا سلسلہ شروع کیا۔ آج ودھان سودھا کی کمیٹی روم میں وزیر اعلیٰ نے محکمۂ شہری ترقیات ، بلدی انتظامیہ اور بنگلور میٹرو ریل پراجکٹ کا جائزہ لیا۔ محکمۂ بلدی انتظامیہ میں اب تک ہوئی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے محکمہ کو اور فعال بنانے کے سلسلے میں وزیر مملکت برائے بلدی انتظامیہ ایشور کھنڈرے اور دیگر اعلیٰ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ بلدی اداروں کو متحرک بنانے کی طرف توجہ دینے اور وہاں کے بنیادی ڈھانچے کو سدھارنے پرخصوصی توجہ دینے کی تاکید کے ساتھ سدرامیا نے اب تک محکمہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی طرف سے بلدی اداروں کو جو گرانٹس دئے جاتے ہیں، ان کا احسن طریقے سے استعمال ہو یہ یقینی بنانا افسران کی ذمہ داری ہے۔ بلدی اداروں کے ذریعہ سرکاری فلاحی اسکیموں کو موثر طور پر نافذ کرنے کی ضرورت پر بھی وزیر اعلیٰ نے کافی زور دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ 2013-14 کے بجٹ میں جن منصوبوں کا اعلان کیا گیا تھا ان کو بروقت مکمل کرنے پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔ مقررہ وقت میں بعض منصوبوں کی شروعات نہ ہونے پر وزیراعلیٰ نے ناراضگی ظاہر کی اور جلد انہیں شروع کرنے کی تاکید کی۔ ان منصوبوں کیلئے بجٹ میں حکومت کی طرف سے کروڑوں روپے مہیا کرائے گئے ہیں، جلد از جلد ان کو مکمل کیا جائے۔ حکومت کی طرف سے فراہم کردہ رقم کو صرف نہ کئے جانے اور بہت سارے منصوبوں کیلئے لائحہ عمل تیار نہ کئے جانے پر بھی ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے سرکاری افسران کو متنبہ کیا کہ متعلقہ مالی سال کے منصوبوں کو اسی سال مکمل کرلیا جائے۔اسے برسوں تک ٹالا نہ جائے۔پینے کے پانی کی فراہمی، شہروں میں بنیاڈی ڈھانچے کی فراہمی، سڑکوں کا سدھار اور دیگر منصوبوں کیلئے فنڈس بلاتاخیر جاری کرنے کی تاکید کرتے ہوئے سدرامیانے کہاکہ محکمہ شہری ترقیات کی طرف سے سٹی کارپوریشنوں میں ترقیاتی کاموں کو تیزی سے انجام دینے پر آنے والے دنوں میں خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ حکومت کی طرف سے اس سلسلے میں جو بھی فنڈس درکار ہیں مہیا کرائے جائیں گے۔ میٹنگ میں وزیر برائے شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ ، چیف سکریٹری اروند جادھو ، وزیر اعلیٰ کے پرنسل سکریٹری ایل کے عتیق اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے میٹنگ میں ہدایت دی کہ چودھویں مالیاتی کمیشن کے گرانٹس میں بلدی اداروں کی حدود میں شروع کئے گئے کاموں کو مارچ 2017تک مکمل کرلیا جائے۔ میٹنگ کے بعد تفصیلات اخباری نمائندوں کو دیتے ہوئے مسٹر ایشورکھنڈرے نے بتایاکہ سوچھ بھارت ابھیان کے تحت محکمہ نے 254148 بیت الخلاء کی تعمیر کا منصوبہ شروع کردیا ہے، جو مارچ تک پورا ہوجائے گا۔ تیرھویں مالیاتی کمیشن کے گرانٹس کے تحت دو ہزار کروڑ روپیوں کے منصوبوں کو بھی اسی مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔ چودھویں مالیاتی کمیشن میں2015-16 کے گرانٹس کو اگر مکمل طور پر استعمال کیاگیا تو تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جاسکتاہے۔ نگروتھانہ منصوبے کے تحت گندگی کی نکاسی کیلئے لازمی طور پر گرانٹس کی فراہمی یقینی بنانے وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے۔تمام سٹی کارپور یشنوں اور دیگر بلدی اداروں کو اس سلسلے میں سرکیولر جاری کیا جائے گا۔بلدی اداروں کی مخلوعہ اسامیوں کو پر کرنے کی بھی ہدایت جاری کی جائے گی۔ تمام کو مکان اسکیم کے تحت شہری علاقوں میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر شروع کی جا ئے گی۔ ان میں سے 80ہزار مستحقین کی نشاندہی کی جاچکی ہے، اور 25ہزار مکانات تقسیم کئے جاچکے ہیں، زیر تعمیر 40 ہزار مکانات کو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔کرناٹکا واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کی طرف سے 2017 مارچ تک آبرسانی کے گیارہ اور ڈرینج کے 9منصوبوں کو پورا کرلیا جائے گا۔ رواں اور اگلے مالی سال تک جملہ 60منصوبوں کو پورا کرنے کیلئے سدرامیا نے نشانہ طے کیاہے۔ 


Share: